Friday, April 19, 2024

بھارت سلامتی کونسل رکن ممالک کے عدم اعتماد پر 2 اہم کمیٹیوں کی سربراہی سے محروم

بھارت سلامتی کونسل رکن ممالک کے عدم اعتماد پر 2 اہم کمیٹیوں کی سربراہی سے محروم
January 10, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں بھارت کو تاریخی سفارتی ہزیمت اور ناکامی کا سامنا۔ بھارت کو سلامتی کونسل کی 2 اہم ترین کمیٹیوں کی سربراہی نہ مل سکی، رکن ممالک نے بھارت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔

بھارت سلامتی کونسل کی 1267، 1540 کمیٹیوں اور افغان امور کے نگران میکانزم کیلئے ارکان کی حمایت لینے میں ناکام رہا۔ ووٹ نہ دینے والے ممالک نے مؤقف اختیار کیا کہ بھارت کمیٹی کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرسکتا تھا، بھارت یہ عہدہ حاصل کرکے پاکستان کے خلاف منفی ایجنڈے کو بڑھانا چاہتا ہے۔

بھارت نے کمیٹیوں کی چیئرمین شپ کےلئے اقوام متحدہ کے اندر لابنگ اور رکن ممالک کے دارلحکومتوں میں سرتوڑ کوششیں کیں مگر اسے ناکامی ہوئی۔ پاکستان نے گزشتہ سال سلامتی کونسل کی کمیٹیوں کو 4 بھارتی شہریوں پر پابندی عائد کرنے کی استدعا کی تھی۔ یہ بھارتی شہری کالعدم ٹی ٹی پی اور جماعت الحرار کی حمایت کرتے تھے۔ پاکستان نے ٹی ٹی پی اور جماعت الحرار کو بھارتی فنڈنگ سے متعلق بھی آگاہ کیا تھا۔

کمیٹیوں کے رکن ممالک کا کہنا ہے کہ بھارت بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لئے مناسب ملک نہیں۔

بھارت القاعدہ، داعش پر پابندیوں اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کی کمیٹیوں کا سربراہ اور افغان امور کا نگران بننا چاہتا تھا۔ ان کمیٹیوں اور دیگر اُمور سے متعلق فورمز کے رکن ممالک نے بھارت کی ایک نہ چلنے دی۔