Thursday, April 18, 2024

بھارت سات دہائیوں سے کشمیریوں پر ریاستی جبر اور تشدد کر رہا ہے، عارف علوی

بھارت سات دہائیوں سے کشمیریوں پر ریاستی جبر اور تشدد کر رہا ہے، عارف علوی
October 27, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) صدرمملکت عارف علوی کا کہنا ہے بھارت سات دہائیوں سے کشمیریوں پر ریاستی جبر اور تشدد کر رہا ہے۔ اب نسل کشی بھی شروع کر دی۔

یوم سیاہ پر کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے دفترخارجہ سے پارلیمنٹ ہائوس تک ریلی نکالی گئی۔ صدرمملکت عارف علوی، وفاقی وزرا، ارکان اسمبلی اور وزارت خارجہ کے حکام سمیت شہریوں نے ریلی میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکا نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ کشمیر میں بھاری مظالم کےخلاف فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ 1947 سے شروع ہونے والے بھارتی مظالم آج بھی برقرار ہیں۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی۔ عالمی برادری بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت میں تقسیم کے آثار بڑھتے جارہے ہیں۔ ظلم کے اندھیروں میں آزادی کی صبح ضرور ہو گی۔

لاہور میں گورنر اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ریلی میں شرکت کی۔ وزرا اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے بھی کشمیریوں سے یکجہتی کے پیغامات پہنچائے۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے یوم سیاہ کشمیر پر پیغام میں کہا نریندر مودی اور بھارتی افواج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے ۔ وقت آچکا ہے اقوام متحدہ بھارتی افواج کو دہشت گرد فورسز قرار دے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا بھارت نے 27 اکتوبر 1947 میں مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا۔ بھارت نے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائیں۔

مشعال ملک بولیں کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ جلد آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے صدرپاکستان کو یادداشت بھی پیش کی۔