Saturday, April 20, 2024

بھارت جنگی جنون میں پاگل ہونے لگا ،دفاعی سازوسامان اگلے مورچوں پر پہنچانا شروع کردیا

بھارت جنگی جنون میں پاگل ہونے لگا ،دفاعی سازوسامان اگلے مورچوں پر پہنچانا شروع کردیا
September 23, 2016
نئی دہلی(ویب ڈیسک)بھارت کا جنگی جنون بے قابو ہونے لگا،بھارتی  فوج نے مقبوضہ  کشمیر میں  کئی جگہوں پر  بوفورس توپوں سمیت بھاری اور درمیانے درجے کے ہتھیار  کنٹرول لائن پر اگلے مورچوں پر پہنچانا شروع کر دیئے ہیں ، مودی نے جمعرات  کا دن ملٹری آپریشن روم میں گزارا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جمعرات کو  بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے زیادہ وقت ملٹری آپریشن روم میں گزارا جہاں وہ لائن آف کنٹرول پر فوج کی نقل و حرکت کی تازہ ترین صورت حال جا ئزہ لیا ۔ مقبوضہ کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں فوجی کیمپ پر ہونے والے شدت پسند حملے کے بعد بھارتی  فوج کی نقل و حرکت میں اضافے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں بھارت کے فوجی اہلکاروں نے لائن آف کنٹرول پر  بھارتی فوج کی طرف سے بھاری اور درمیانے توپ خانوں کی نقل و حرکت کی تصدیق کی ۔ سرکاری ذرائع نے  بتایا کہ بوفرز توپوں اور 105 درمیانی رینج کی دوسری توپوں کو اُوڑی کے چڑی میدان، موہرا اور بونیار  سیکٹرمیں نصب کیا جا رہا ہے۔ سونہ مرگ میں بھی بڑے ہتھیاروں کی تنصیب ہو رہی ہے۔ ان مقامات سے آزاد کشمیر مِیں پاکستان کی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔تاہم بھارتی فوج کے مطابق یہ موسم سرما شروع ہونے اور برف پڑنے سے پہلے اس کی معمول کی سالانہ تیاریوں کا حصہ ہے لیکن اس بار کی تیاری میں کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے کنٹرول لائن پر بوفرز توپوں، اور دیگر طرح کا جنگی ساز و سامان سرحد پر تعینات کیا جا رہا ہے۔ ایک سرکاری اہلکار نے کہا ہے کہ سرحد پر کسی بھی جنگی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بھارتی  فوج یہ تیاری کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق بدھ کی رات دیر گئے شمالی کشمیر کے مختلف حصوں میں اگلے مورچوں پر تعینات مسلح افواج کے دستوں کو متحرک اور ضروری جنگی مواد پہنچانا شروع کر دیا گیا تھا۔