Thursday, March 28, 2024

بھارت جمہوری آزادی والے ممالک کی فہرست میں تنزلی کیساتھ تراسی ویں نمبر پر چلا گیا ، رپورٹ

بھارت جمہوری آزادی والے ممالک کی فہرست میں تنزلی کیساتھ تراسی ویں نمبر پر چلا گیا ، رپورٹ
March 8, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی واچ ڈاگ فریڈم ہاؤس کی سالانہ رپورٹ میں بھارت جمہوری آزادی والے ممالک کی فہرست میں تنزلی کیساتھ تراسی ویں نمبر پر چلا گیا۔ بھارت کے انتہا پسند وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں نے جمہوری اقدار کا جنازہ نکال دیا ۔ رپورٹ میں امریکی واچ ڈاگ نے بھارت کو ہندو قوم پرست ملک قرار دیتے ہوئے تنزلی کی مختلف وجوہات بیان کیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مودی حکومت نے پانچ اگست کومقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا۔ بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں اور عام کشمیریوں کو گرفتار یا نظر بند کیا گیا۔ انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر کے شہریوں کی زندگیاں مزید اجیرن کر دی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق مودی حکومت نے مسلم مخالف ایجنڈا جاری رکھتے ہوئے اکتیس اگست کو ریاست آسام میں این آر سی قانون لاگو کرکے بیس لاکھ افراد کی شہریت چھین لی۔ دسمبرمیں بھارت میں متنازعہ شہریت ترمیمی  قانون نافذ کیا گیا جس کے خلاف عوام  سڑکوں پر آئے اور  شدید احتجاج کیا۔ رپورٹ کے مطابق مظاہرین کو دبانے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا ۔ جگہ جگہ انٹرنیٹ سروس بندکی گئی ، صحافیوں ،دانشوروں سمیت دیگر ناقدین کو ہراساں اور دھمکیاں دیکر آزادی اظہار رائے پر قدغن لگائی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق مودی حکومت کے ان اقدامات نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں بنیادی حقوق  تباہ کرکے رکھ دئیے ہیں۔