Thursday, May 9, 2024

بھارت جبرو استبداد کے باوجود نہتے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکا ، شاہ محمود قریشی

بھارت جبرو استبداد کے باوجود نہتے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکا ، شاہ محمود قریشی
August 4, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت جبرو استبداد اور قید و بند کی اذیتوں کے باوجود نہتے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکا ۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کشمیر کی صورتحال پر وزارت خارجہ میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس میں اسپیکر اسد قیصر، چیرمین سینٹ صادق سنجرانی ،وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، چیرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی سمیت دیگر رہنمائوں کی شرکت ہوئی۔ کانفرنس میں سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر  میں ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی کر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ پاکستان اس وقت تک اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا جب تک انہیں ان کا جائز حق، حق خودارادیت، مل نہیں جاتا ۔ آج پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر متحد ہیں۔ وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت سرکار کی ہندتوا پالیسی نہ صرف کشمیریوں بلکہ پورے خطے کے امن و امان کیلئے خطرات کا باعث ہے ۔ بھارت جبر و استبداد اور قید و بند کی اذیتوں کے باوجود نہتے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکا ۔ آج دنیا بھارت کی منافرت پسند پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے ۔