Saturday, April 20, 2024

بھارت اور کلبھوشن جادیو کو ایک بار پھر وکیل مقرر کرنے کی پیشکش کریں ، اسلام آباد ہائیکورٹ

بھارت اور کلبھوشن جادیو کو ایک بار پھر وکیل مقرر کرنے کی پیشکش کریں ، اسلام آباد ہائیکورٹ
August 3, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت کو ہدایت کی کہ بھارت اور کلبھوشن جادیو کو ایک بار پھر وکیل مقرر کرنے کی پیشکش کریں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کلبھوشن جادیو کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔ عدالت نے کلبھوشن معاملے پر لارجر بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا۔ عابد حسن منٹو، حامد خان اور مخدوم علی خان عدالتی معاون مقرر کر دیئے گئے۔ حکم نامہ کے مطابق حکومت نے آرڈیننس جاری کرکے عالمی عدالت کے خدشات کو دور کیا۔ آرڈیننس کے ذریعے سزا کے عدالتی جائزہ کی راہ ہموار کی گئی۔ حکمنامہ میں کہا گیا فی الحال کلبھوشن کیلئے خود وکیل مقرر کرنے سے اجتناب کر رہے ہیں۔ بھارت اور کلبھوشن کو موقع دیتے ہیں کہ خود وکیل مقرر کریں۔ حکومت کو عدالتی فیصلے سے بھارت اور کلبھوشن کو آگاہ کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کلبھوشن کیس میں فیئر ٹرائل کو یقینی بنائے گی۔ کیس پر غیرضروری بیان بازی سے بھی روک دیا گیا۔ سماعت تین ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ کلبھوشن جادیو کو3 مارچ 2016 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی جاسوس سے حساس مقامات کی تصویریں، اہم دستاویزات برآمد ہوئیں۔ کلبھوشن نے اعتراف کیا کہ اس نے 2013 میں را میں شمولیت اختیار کی اور اس کے بعد بلوچستان، کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور علیحدگی کی تحریکیں چلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہالینڈ کے شہر ہیگ میں قائم عالمی عدالتِ انصاف نے گزشتہ سال جولائی میں کلبھوشن یادیو کی بریت کی بھارتی درخواست کو مسترد کیا تھا۔