Sunday, May 12, 2024

بھارت اور چین میں سرحدی کشیدگی عروج پر پہنچ گئی

بھارت اور چین میں سرحدی کشیدگی عروج پر پہنچ گئی
September 9, 2020

بیجنگ ( 92 نیوز) بھارت اور چین میں سرحدی کشیدگی اپنے عروج پرپہنچ گئی ، دونوں ممالک  ایک دوسرے پر کشیدگی بڑھانے کا الزام عائد کررہےہیں، ایشیا کی دو بڑی طاقتوں کو جنگ سے بچانے کے لیے روس میدان میں آگیا ، کشیدگی شروع ہونے کے بعد کل پہلی بار چینی اور بھارتی وزرائے خارجہ ماسکو میں ملاقات کریں گے۔

بھارتی فوج کی سرحد پر فائرنگ کے بعد بھارت نے ہی چین سے شدید احتجاج کر ڈالا ، نئی دہلی نے سفارتی اور ملٹری سطح پر احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چینی فوجیوں کو اشتعال انگیزی سے روکا جائے۔

دوسری جانب چین کے وزیر دفاع کہتے ہیں بھارتی فوج نے متعدد بار اشتعال انگیزی کی ، کئی بار فائرنگ کی اور چینی فوجیوں کو دھمکایا ۔ چین کے مطابق بھارتی فوجیوں نے عین اس وقت جارحیت دکھائی جس وقت چینی حکام بھارتی ہم منصب سے مذاکرات کے لیے گئے۔

فائرنگ کرکے الزام چین پر لگانے والے بھارتی فوجیوں کو اس وقت ایک بار پھر حزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب چینی فوجیوں نے ان کی درگت بناتے ہوئے انہیں یخ بستہ پانی میں پھینک دیا ، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہے ۔

ادھر روس دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کوشاں ہے ، وزرائے داخلہ کی ملاقاتوں کے بعداس نے بھارت اور چین کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کا اہتمام کیا ہے ، مئی میں کشیدگی شروع ہونے کے بعد پہلی بار چینی وزیرخارجہ وانگ ژی کل ماسکو میں اپنے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر سے ملاقات کریں گے۔