Friday, May 10, 2024

بھارت اور پاکستان کا مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات چیت کرنا ضروری ہے، انتونیو گوتریس

بھارت اور پاکستان کا مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات چیت کرنا ضروری ہے، انتونیو گوتریس
January 30, 2021

نیویارک (92 نیوز) اقوام متحدہ کی جانب سے بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو فوجی طاقت سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض فورسز کی ریاستی دہشتگردی پر اقوام متحدہ کی جانب سے ایک بار پھر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو مظلوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کا مکمل احترام کرنا ہو گا۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو سنجیدہ مذاکرات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور سرحدی تناؤ کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد سے صورتحال خراب ہوئی ہے۔ مسئلہ کشمیر کو فوجی طاقت سے نہیں بلکہ پُر امن انداز سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

یو این چیف نے خبردار کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔