Wednesday, May 8, 2024

بھارت اور فلپائن بھی کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل

بھارت اور فلپائن بھی کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل
January 30, 2020
نئی دہلی (92 نیوز) کرونا وائرس کے پھیلاؤ نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، بھارت اور فلپائن بھی متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو گئے۔ ملایشیا، جاپان اور آسٹریلیا میں وائرس کے نئے مریض سامنے آ گئے۔ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو خوف میں مبتلا کردیا، متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا۔ جاپان میں وائرس کے تین نئے کیسز سامنے آ گئے تینوں مریض گزشتہ روز ہی چین کے شہر ووہان سے وطن واپس پہنچے ہیں۔ ملائیشیا میں بھی وائرس کا آٹھواں کیس سامنے آ گیا ہے۔ متاثرہ خاتون چینی شہری ہے جبکہ اس کا خاوند بھی وائرس سے متاثر ہے۔ آسٹریلوی ریاست کوئینز لینڈ میں بھی پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔ 44 سالہ مریض چینی شہری ہے، جس کا تعلق صوبے ہوبئی سے ہے۔ نیوزی لینڈ، سنگاپور اور انڈونیشیا نے بھی ووہان سے اپنے اپنے شہری نکالنے کا اعلان کردیاہے۔ نیوزی لینڈ کے شہریوں کو ایئر نیوزی لینڈ کے ذریعے ووہان سے نکلنے پر پیسے ادا کرنے ہوں گے۔ سنگاپور کا طیارہ 92 شہری لے کر آج ووہان سےروانہ ہو گا۔ انڈونیشیا بھی جلد ہی ووہان سے اپنے شہریوں کو نکالے گا۔ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے شہریوں کو 14 دن تک الگ رکھا جائے گا۔ دوسری جانب امریکا کی ڈیلٹا ایئر لائن نے اپنی امریکا سے چین کیلئے براہ راست آدھی فلائٹس ختم کر دیں ہیں۔ ایئر کینیڈا نے بھی 29 فروری تک بیجنگ اور شنگھائی کیلئے اپنی تمام فلائٹس معطل کر دیں ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا امریکی اداروں نے چین میں کرونا وائرس کے حوالے سے مجھے تازہ بریفنگ دی ہے۔ ہمارے ادارے چین کیساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس دنیا کے بہترین ماہرین موجود ہیں، جو مسلسل اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔