Friday, April 26, 2024

بھارت اور جنوبی افریقہ کرکٹ میچ روکنے کی دھمکی دینے والے ہاردک پٹیل سمیت 7 افراد گرفتار

بھارت اور جنوبی افریقہ کرکٹ میچ روکنے کی دھمکی دینے والے ہاردک پٹیل سمیت 7 افراد گرفتار
October 18, 2015
گجرات (ویب ڈیسک) بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان تیسرا ون ڈے انتہاپسندوں کی طرف سے احتجاج کی دھمکی کے بعد سخت سکیورٹی میں کھیلا جا رہا ہے۔ پٹیل برادری نے میچ کے دوران احتجاج کی دھمکی دے رکھی ہے‘ برادری کے رہنما ہاردک پٹیل کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں انتہاپسندی کا جن کھیل کے لئے بھی خطرہ بن گیا۔ گجرات میں احتجاج اور مظاہروں میں مصروف پٹیل برادری نے دھمکی دی کہ راج کوٹ میں ہونے والے تیسرے ون ڈے کیلئے ٹیموں کا راستہ روکا جائے گا اور سٹیڈیم میں احتجاج کیا جائے گا۔ خطرے کے پیش نظر پہلے غیرعلانیہ کرفیو لگا۔ موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی۔ سٹیڈیم کے اندر اور اطراف میں ہزاروں سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے اور پھردھمکیاں دینے والے ہاردک پٹیل کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ جنوبی افریقا کے دورہ بھارت کے دوران انتہاپسندی کا ایک مظاہرہ پہلے بھی سامنے آ چکا ہے جب دوسرے ٹی ٹونٹی میں شکست کو سامنے دیکھ کر تماشائی آپے سے باہر ہو گئے اور کھلاڑیوں پر بوتلوں کی بارش کر دی۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ملک ہونے کا دعویدار بھارت آئی سی سی کا بھی کرتا دھرتا بنا ہوا ہے لیکن کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ انتہاپسندی اور احتجاج کی دھمکی جیسے واقعات اپنے پاو¿ں پر آپ کلہاڑی مارنے کے مترادف ہیں۔