Sunday, September 8, 2024

بھارت اور امریکہ کی باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی شدید مذمت

بھارت اور امریکہ کی باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی شدید مذمت
January 20, 2016
لاہور (ویب ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مودی کا کہنا تھا کہ وہ باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ دوسری جانب امریکا نے بھی باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی نیک تمنائیں متاثرین اور لواحقین کے ساتھ ہیں‘ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ واضح رہے کہ چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی میں آرمی پبلک اسکول کے طرز پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک اسسٹنٹ پروفیسر سمیت 20 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔ پولیس‘ پاک فوج اور اسپیشل کمانڈوز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ سیکڑوں طلبہ کو یونیورسٹی سے بحفاظت نکال لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق چاروں حملہ آوروں نے خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں تاہم وہ پھٹنے سے قبل ہی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی پچھلی دیوار چھوٹی ہونے کے باعث دہشت گرد باآسانی اسے پھلانگ کر داخل ہوئے۔