Tuesday, April 23, 2024

بھارت اور افغان خفیہ ایجنسیوں کے آلہ کار پاکستانی سفارتی عملے کو ہراساں کرنے میں مصروف

بھارت اور افغان خفیہ ایجنسیوں کے آلہ کار پاکستانی سفارتی عملے کو ہراساں کرنے میں مصروف
January 28, 2020
 کابل (92 نیوز) بھارت اور افغان خفیہ ایجنسیوں کے آلہ کار پاکستانی سفارتی عملے کو مسلسل ہراساں کرنے میں مصروف ہیں۔ کابل میں سفارتخانے کے سامنے افغان پارلیمنٹیرین شگوفہ نور زئی کی قیادت میں کیمپ لگا دیا۔ افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس سے گٹھ جوڑ کی ایک اورگھناؤنی مثال سامنے آئی ہے۔ افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے دو ٹویٹس میں ہرزہ سرائی کی جبکہ کابل میں پاکستان سفارتخانے کے سامنے احتجاج کی آڑ میں بھارتی، افغان خفیہ ایجنسیوں کے آلہ کار پاکستانی سفارتی عملے کو ہراساں کرنے کی مہم پر عمل پیرا ہیں۔ کابل میں پاکستانی سفارتخانہ کے عین سامنے نامعلوم مظاہرین کا کیمپ لگا دیا گیا جہاں مظاہرین نے احتجاجی بینرز کیساتھ دھرنا دے رکھا ہے۔ کیمپ کی قیادت افغان پارلیمنٹیرین شگوفہ نور زئی کر رہی ہیں۔ انتظامیہ، خفیہ ایجنسی اور دیگر ادارے ان مظاہرین کے مددگار ہیں۔ نام نہاد احتجاجی کیمپ نے سفارتخانے کے صدر دروازے پر رکاوٹ پیدا کی ہے جس کی وجہ سے آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے سفارتی عملے نے افغان پولیس سے رابطہ کیا لیکن کابل پولیس نے تعاون سے انکار کر دیا۔ افغان پولیس ذرائع کہتے ہیں کہ انہیں اوپر سے حکم ہے مظاہرین جہاں چاہیں بیٹھیں، نہیں ہٹا سکتے۔ پولیس کے مایوس کُن رسپانس کے بعد پاکستانی سفارتخانے نے افغان وزارت خارجہ سے بھی ہنگامی رابطہ کیا ہے تاہم افغان وزارت خارجہ نے تاحال کوئی قدم نہیں اٹھایا۔