Friday, March 29, 2024

بھارت آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے، شک بہت جلد دور کر دیں گے ، خواجہ آصف

بھارت آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے، شک بہت جلد دور کر دیں گے ، خواجہ آصف
January 14, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے۔ بھارتی جنرل کا شک بہت جلد دور کر دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے بعد وزیر خارجہ خواجہ آصف کا بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل سامنے آیا ۔
اپنے ٹویٹ پیغام میں خواجہ آصف نے بھارت پر واضح کیا کہ اگر بھارت کی آزمانے کی خواہش ہے تو آزما لے۔ بھارتی جنرل کا شک بہت جلد دور کر دیا جائے گا۔
دوسری طرف وزیر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو غیر ذمے دارانہ بھی قرار دیا اور کہا یہ بیان جوہری تصادم کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔ بھارتی آرمی چیف کو ایسا بیان زیب نہیں دیتا ۔
ادھر ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھی سخت ردعمل آیا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور دھمکیوں سے لبریز ہے ۔ یہ بیان اُن کے مجرمانہ ذہن کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہمہ وقت مکمل طور پر تیار ہے۔ ایسے معاملات کو ہلکا نہیں لینا چاہیے۔ غلط اندازوں کی بنیاد پر کسی مہم جوئی سے بھی پرہیز کیا جانا چاہیے۔