Sunday, September 8, 2024

بھارت 2016ءمیں بھی پاکستان سے کرکٹ سیریز نہیں کھیلے گا : انوراگ ٹھاکر

بھارت 2016ءمیں بھی پاکستان سے کرکٹ سیریز نہیں کھیلے گا : انوراگ ٹھاکر
January 13, 2016
لاہور (92نیوز) شہر یار خان کی بھارت آنیاں جانیاں رائیگاں گئیں۔ اپنی ضد پر قائم بھارتی کرکٹ بورڈ نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو دو ہزار سولہ کی پہلی بری خبر سنا دی۔ بھارتی بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے رواں سال کے دوران پاکستان کے خلاف دو طرفہ سیریز کے امکان کو مسترد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہٹ دھرمی کی روش نہ چھوڑی۔ دو ہزار پندرہ کے دوران شہر یار خان کو پاک بھارت سیریز کے لیے ترسا ترسا کر اب دو ہزار سولہ کے لیے بھی سرخ جھنڈی دکھا دی۔ بھارتی بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے ٹویٹ کیا ہے کہ بھارت کا رواں سال پاکستان کے خلاف کوئی سیریز کھیلنے کا منصوبہ نہیں۔ انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم اپنے مصروف شیڈول کے باعث دو ہزار سولہ کے دوران پاکستان کا سامنا صرف بین الاقوامی ایونٹس میں کرے گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ اور پی سی بی کے درمیان دو ہزار چودہ کے ایم او یو کے مطابق دونوں بورڈز کو آئندہ آٹھ سال میں پانچ سیریز کھیلنا ہیں۔ معاہدے کے مطابق پہلی سیریز دسمبر دو ہزار پندرہ میں ہونا تھی لیکن شہر یار خان کے متعدد دوروں کے باوجود بھارتی بورڈ لیت و لعل سے کام لیتا رہا اور گزشتہ سال دونوں ملکوں کے درمیان کسی سیریز کے بغیر ختم ہو گیا۔