Sunday, May 19, 2024

بکا خیل بنوں میں قبل از انتخابات دھاندلی، چیف الیکشن کمشنر کا ڈی پی او کی رپورٹ پر عدم اطمینان

بکا خیل بنوں میں قبل از انتخابات دھاندلی، چیف الیکشن کمشنر کا ڈی پی او کی رپورٹ پر عدم اطمینان
December 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) چیف الیکشن کمشنر نے بکا خیل بنوں میں قبل از انتخابات دھاندلی کیس میں ڈی پی او بنوں کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے بکا خیل بنوں میں قبل از انتخابات دھاندلی کیس کی سماعت کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے ڈی پی او کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ نے جے آئی ٹی بنائی تھی ، کیا رپورٹ لائے ہیں؟ اس وقت کیس کی کیا پیش رفت ہے؟ جس پر ڈی پی او بنوں نے بکا خیل واقع کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گیارہ افراد کو گرفتارکیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ڈی پی او بنوں کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے  کہ گرفتاری کے علاوہ کیا مزید پیش رفت ہوئی؟ صرف گرفتاری ہی تحقیقات کا حصہ نہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر نے ڈی پی او  کو مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پریزایڈنگ افسران کا اغوا ہونا عام بات نہیں، اگر اپ سے کام نہیں ہوتا تو کسی اور کے سپرد کر دیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ڈی پی او بنوں تفصیلی رپورٹ لائیں ورنہ کاروائی کی جائیگی۔ کیس کی سماعت 4 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔