Wednesday, May 8, 2024

بڑے ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کیلئے 30 جون کو ٹینڈر ہونگے ، شبلی فراز

بڑے ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کیلئے 30 جون کو ٹینڈر ہونگے ، شبلی فراز
May 19, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ  بڑے ائیر پورٹس کی آؤٹ سورسنگ کیلئے 30جون کو ٹینڈر ہوں گے  ۔ شہباز شریف کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےو فاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ  ماضی میں کی گئی غیر قانونی بھرتیوں پر رپورٹ دی گئی ،غیر قانونی بھرتیوں کی رپوٹ نہ دینے والی وزارتوں کو ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے جبکہ میڈیا کے واجبات سے متعلق بھی  وزیر اعظم کو  بریفنگ دی گئی ،وزیر اعظم نے عید سے قبل میڈیا واجبات کی ادائیگی کی ہدایت کی ۔

شبلی فراز نے کہا کہ ائیر پورٹس کے انتظامات کو نجی شعبے کے حوالے کرنے سے متعلق بات ہوئی ، ائیر پورٹس  کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ، ائیر پورٹس  کی آؤٹ سورسنگ کے قانونی معاملات 30جون تک حل کیے جائیں گے ، صوبوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم کیلئے ٹیلی میٹری سسٹم لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں  اسلام آباد ہیلتھ کیئر کمیشن کے بورڈ ارکان کی منظوری دی گئی، لائن آف کنٹرول پر بسنے والے شہریوں  کیلئے خصوصی پیکج کی بھی منظوری دی گئی ، کابینہ اجلاس میں زرعی شعبے کے لیے خصوصی پیکج کی منظوری دی گئی  ہے ۔ کھادوں  کی مد میں 37ارب روپے  کی سبسڈی دی جائے گی، زرعی قرضوں پر واجب الادا سود میں کمی کیلئے 9ارب روپے رکھے گئے ہیں، کپاس  کے بیجوں کی فراہمی کے لیے 2ارب 30کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے ، کپاس  کی فصل کو کیڑوں  سے محفوظ رکھنے کیلئے ادویات کی مد میں 6ارب روپے مختص سستے ٹریکٹرز کی فراہمی کے لیے 2ارب 50کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ  شہباز شریف اپنی درخواست پر بلائے گئے اسمبلی اجلاس میں نہ آئے، شہباز شریف احتساب سے بچنے کیلئے نئے الیکشن کا ڈھونگ رچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ، عوام اب دھوکے میں نہیں آئیں گے ، حکومت مدت پوری کرے گی، کسی کو بھی احتساب کے عمل سے بھاگنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کسی بھی مطالبے سے پہلے شہزاد اکبر کے سوالوں کا جواب دیں ،  عوام نے  ہمیں شفاف احتساب کے نام پر ووٹ دیا، مایوس نہیں کریں گے۔