Friday, April 26, 2024

وزیراعظم نے ہندوؤں کے مقدس مقام امرت جل کے واٹرفلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم نے ہندوؤں کے مقدس مقام امرت جل کے واٹرفلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا
January 11, 2017

کٹاس راج (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ تمام مذاہب کے لوگ پاکستان کے دفاع، استحکام اور ترقی کیلئے ہاتھوں میں ہاتھ  ڈال کر کام کر رہے ہیں۔ مذہب سب کا اپنا اپنا لیکن انسانیت ہماری مشترکہ اساس ہے۔ کٹاس راج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہماری خوشیاں اور دکھ اقلیتوں کے ساتھ سانجھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ذاتی طور پر اقلیتوں کی خوشیوں میں شریک ہوتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہاکہ نبی کریمﷺنے بھی اقلیتوں کے تحفظ کی ضمانت دی۔ حضورﷺ نے یثرب کے قبائل اور یہودیوں سے معاہدے کیے۔ آپﷺ نے حبشہ کے مسیحی بادشاہ کو بھی اچھے الفاظ میں یاد کیا۔ انہوں نے کہاکہ تمام انبیائے کرام کو مانے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوتا۔ ہمیں تمام آسمانی کتابوں کا احترام کرنا ہے۔ ہر مذہب چھوٹے بڑے کا احترام اور رواداری کا درس دیتا ہے۔اکثریت ہو یا اقلیت، سب کیساتھ مساوی سلوک کرنا ہے۔

 نوازشریف نے کہا بابا گورو نانک اور گندھارا یونیورسٹی کے قیام کیلئے تمام سہولتیں فراہم کرینگے۔ کٹاس راج کی تاریخ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ چار ہزار سال قبل مسیح کی تاریخ اور آثار قدیمہ کے حوالے سے کٹاس راج کو اہمیت حاصل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ملک کیساتھ ظلم کیا۔ نیا پاکستان بنانے والے کچھ نہیں بنا رہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی موٹر وے ہم بنا رہے ہیں۔ ترقی کا راستہ روکنے والے یہ جان لیں کہ ہم رکنے والے نہیں۔ بیروزگاری ،غربت اور پسماندگی میں کمی آ رہی ہے۔ پاکستان میں سڑکوں کا جال بچھ رہا ہے۔ چند ماہ میں کراچی ۔حیدر آباد موٹر وے تیار ہو جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان اقتصادی طور پر بحال ہوا ہے۔ شرح نمو آئندہ کچھ برسوں میں سات فیصد تک لے جائینگے۔ انہوں نے ہندوؤں کے مقدس مقام امرت جل کے واٹرفلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کر دیا ہے۔ فلٹریشن پلانٹ سے مذہبی رسومات کیلئے آنیوالے ہندوؤں کو صاف پانی میسر ہو گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کٹاس راج میں ہندوؤں کے تاریخی مندر کے مختلف حصے بھی دیکھے۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق اور دیگر اہم شخصیات بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے کٹاس راج میں ہندوؤں کے مذہبی رہنما شیو جی کے مندر کے قریب پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔