Friday, March 29, 2024

بڈھ بیر میں ننھی عالیہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنیوالا ملزم گرفتار، اعتراف جرم کرلیا

بڈھ بیر میں ننھی عالیہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنیوالا ملزم گرفتار، اعتراف جرم کرلیا
December 11, 2020

پشاور (92 نیوز) پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں ننھی عالیہ کو جنسی درندگی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرکے لاش جلانے والا سفاک ملزم قانون کی گرفت میں آگیا۔ درندگی اور سفاکی کا ملزم پانچ بچوں کے باپ اور عالیہ کا پڑوسی ہے۔ ملزم آصف رضا نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس پر شیطان حاوی ہوگیا تھا۔

گزشتہ ماہ انیس نومبر کو پشاور کے نواحی علاقہ بڈھ بیر میں ننھی عالیہ کے قتل اور لاش جلانے کا مرکزی آخر کار قانون کے شکجے میں جکڑا گیا۔ سی سی پی او پشاور نے ملزم آصف رضا کی گرفتاری سے متعلق بتایا کہ ملزم کی نشاندہی پہلے ہی ہوچکی تھی، پولیس کی پانچ ٹیموں نے ملزم کا سراغ لگایا اور ضلع خیبر سے گرفتار کیا۔

گرفتار ملزم مقتولہ عالیہ کا پڑوسی ہے اور خود بھی پانچ بچوں کا باپ ہے۔ ملزم نے میڈیا کے سامنے بھی جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وقوعہ کے روز عالیہ اس کی بیٹی سے ملنے آئی اس روز بچے گھر پر نہیں تھے۔ ملزم نے بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر قتل کیا۔ لاش قبرستان لے جا کر ثبوت مٹانے کے لئے جلا دی۔

سی سی پی او پشاور کا کہنا تھا کہ ملزم کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لیا جائے گا اور سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔

ادھر دوسری جانب گرفتار ملزم کے گھر پر اہل علاقہ نے دھاوا بول دیا۔ لوگوں نے ملزم کے گھر کو مسمار کرکے آگ لگا دی۔ ملزم نے 19 نومبرکو زیادتی کے بعد بچی کو جلا دیا تھا۔