Friday, April 26, 2024

بچے کی پیدائش پر باپ بھی چھٹی کا حقدار ، بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا

بچے کی پیدائش پر باپ بھی چھٹی کا حقدار ، بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا
October 27, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) بچے کی پیدائش پر باپ بھی چھٹی کا حقدار قرار دیا گیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون انصاف نے بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون انصاف کے اجلاس میں سینیٹر پیپلزپارٹی شازیہ مری نے بچے کی پیدائش پر والدہ اور والد کو رخصت دینے سے متعلق بل پیش کیا۔ بل کے مندرجات میں کہا گیا ہے کہ پہلے بچے کی پیدائش پر والدہ کو 6 ماہ جبکہ والد کو ایک ماہ کی چھٹی ملے گی۔ دوسرے بچے کی پیدائش پر والدہ کو 4 ماہ اور والد کو ایک ماہ کی چھٹی ہو گی۔ تیسرے بچے کی پیدائش پر والدہ کو تین ماہ اور والد کو ایک ماہ کی چھٹی ہو گی۔ بل کے مطابق والد کو صرف تین بچوں کی پیدائش تک ہی چھٹی مل سکے گی۔ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ اس قانون کا اطلاق صرف اسلام آباد تک ہو گا۔ وفاقی دارالحکومت کے تمام سرکاری اور غیر سرکاری ادارے اس قانون پرعمل درآمد کریں گے۔