Friday, March 29, 2024

بچوں کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے ‏،اسلام آباد میں واک کا اہتمام

بچوں کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے ‏،اسلام آباد میں واک کا اہتمام
November 20, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز)  بچے کسی بھی گھر کے آنگن کی چھاؤں اور سکون ہوتے ہیں ،  پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن  آج منایا جا رہا ہے ، سرچ انجن گوگل نے اپنا ڈوڈل ننھی دنیا کے نام کردیا ، اسلام آباد میں بچوں کے حقوق سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے واک کا اہتمام کیا گیا  ۔ بچے من من کے سچے ہوتے ہیں ، ماں باپ کے دلوں کی دھڑکن اور ان کی آنکھوں کے تارے ہیں ،   آج دنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ، وفاقی دارلحکومت اسلام آبادمیں  رنگا رنگ تقریبات اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ معروف سرچ انجن گوگل کا بھی بچوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈوڈل پھولوں کے نام کردیا۔ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1989 میں بچوں کے منظور شدہ حقوق کا اعلان کیا تھا ، يہ دن منانے کا مقصد بچوں کی تعلیم، صحت سیرو تفریح، ذہنی اور جسمانی تربیت کے حوالے سے شعور اُجاگر کرنا ہے۔ شہر اقتدار میں مختلف تقاریب منعقد کی جارہی ہیں ، سیکٹر ایف 6 سے پریس کلب تک واک کا اہتمام کیا گیا جبکہ اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ فن گالا میں بچوں نے خوب موج مستی کی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں دو لاکھ بیس ہزار اسکول ہونے کے باوجود اب بھی 44فیصد بچے سکول نہیں جاتے جن کی تعداد دو کروڑ 28 لاکھ 40 ہزار تک جا پہنچی ہے  ۔ ایک کروڑ سے زائد بچے چائلڈ لیبر کا شکار ہیں جبکہ روزانہ 10 سے زائد بچوں کو جنسی استحصال کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔