Friday, April 26, 2024

بوگس ڈگریاں دینے والی کمپنی کو ٹی وی لائسنس کیسے دیدیا گیا؟ ایگزیکٹ کمپنی کیخلاف تحقیقات ہمارے سامنے لانا ہونگی: شاہ محمود قریشی

بوگس ڈگریاں دینے والی کمپنی کو ٹی وی لائسنس کیسے دیدیا گیا؟ ایگزیکٹ کمپنی کیخلاف تحقیقات ہمارے سامنے لانا ہونگی: شاہ محمود قریشی
May 19, 2015
ملتان (92نیوز) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بوگس ڈگریاں بیچنے والی کمپنی کو ٹی وی چینل کا لائسنس کیسے دے دیا گیا، وزارت داخلہ تمام معاملے کی تحقیقات کر کے رپورٹ جاری کرے۔ تحریک انصاف کی رہنما قربان فاطمہ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیرداخلہ کو ایگزیکٹ کمپنی کے کیس کی تحقیقات ہمارے سامنے لانا ہوں گی، پیمرا کی حکومت کے سامنے جی حضوری کی وجہ سے بہت سے ٹی وی چینلز کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا پی پی 196 میں الیکشن کے دوران پولنگ سٹیشنز پر پولیس کے ساتھ رینجرز بھی فرائض سرانجام دےگی جس کی تمام تر تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان نے الیکشن کمیشن کے احترام میں اپنے تمام پروگرام کینسل کر دئیے، ہماری لڑائی صرف ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کےلئے ہے جس کی بنیاد عمران خان نے رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی 196 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے اپنے ایم پی ایز کے ذریعے ٹی ایم اوز کو ترقیاتی کام کرانے پر مجبور کیا جس پر الیکشن کمیشن اور کمشنر ملتان نے یقین دلایا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 21 مئی کو ہم انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔