Tuesday, May 7, 2024

بونیر میں ماربل کان گرنے سے 30 مزدور ملبے تلے دب گئے

بونیر میں ماربل کان گرنے سے 30 مزدور ملبے تلے دب گئے
February 22, 2020
بونیر ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر  میں ماربل کان گرنے سے تیس مزدور ملبے تلے دب گئے،نو جاں بحق اور پانچ زخمی مزدوروں کو ملبے سے نکال لیا گیا۔ ملبے تلے دبے مزدوروں کو نکالنے کےلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ سوات اور دیگر علاقوں سے ریسکیو ٹیمیں بھی علاقے کی جانب روانہ کردی گئیں،بونیرکے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ لینڈ سلائیڈنگ کا افسوسناک واقعہ ضلع بونیر کے علاقہ بامپوخہ میں ماربل کی کان میں پیش آیا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کان میں کام کرنے والے تیس کے قریب مزدور ملبے تلے دب گئے۔ دور دراز علاقہ ہونے کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو جائے وقوعہ پر پہنچنے میں تاخیر کے باعث مقامی افراد نے فوری طورپر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ محکمہ ریلیف خیبرپختونخوا اور ڈپٹی کمشنر بونیر کے مطابق ملبے سےنو لاشیں اور پانچ زخمی مزدوروں کو نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ڈگر بونیر منتقل کردیا گیا ہے۔ سوات اور دیگر علاقوں سے ریسکیو اہلکاروں کو بھی بونیر طلب کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلٰی خیبرپختونخوا نے افسوسناک واقعہ پر معاون خصوصی ریاض خان کو فوری بونیر پہنچنے اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔