Friday, April 26, 2024

بونیر: سورن سنگھ قتل کیس، دو ملزمان کا عدالت میں اعتراف جرم

بونیر: سورن سنگھ قتل کیس، دو ملزمان کا عدالت میں اعتراف جرم
May 5, 2016
پشاور (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے سورن سنگھ قتل کیس کے دو ملزمان نے بونیر کی عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ گرفتار ملزم عالم خان نے قتل کی منصوبہ بندی اور اجرتی قاتلوں سے معاملات طے کرنے کی کہانی سنا دی۔ تحریک انصاف کے ایم پی اے سردار سورن سنگھ کو 22 اپریل کو بونیر کے علاقہ پیر بابا میں قتل کیا گیا۔ بظاہر دہشت گردی کی کارروائی لگنے والی اس واردات کی بونیر پولیس نے تمام پہلوئوں سے تفتیش کا آٖغاز کیا اور کڑی سے کڑی ملاتے ہوئے تحریک انصاف کے سوات کے رہنما بلدیو کمار سمیت چھے ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے سورن سنگھ قتل کیس کی ساری کہانی کھول کر رکھ دی۔ ڈی پی او بونیر کے مطابق سورن سنگھ قتل کیس میں گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں شانگلہ سے گرفتارعالم خان نے بیان ریکارڈ کرایا کہ اس نے بلدیو کمار کی ایماء پر اجرتی قاتلوں سے معاملات طے کئے اور دس لاکھ روپے میں بات ہوئی۔ ایک اور ملزم بہروز نے بھی عدالت میں جرم کا اعتراف کیا۔ ملزمان نے اعترافی بیان میں اس کیس کا ماسٹر مائنڈ بلدیو کمار کو قرار دیا۔ عدالت نے گرفتار چھے ملزمان کو جیل بھجوا دیا۔