Sunday, May 12, 2024

بوسنیا ہرزگوینا ایوان صدر کے چیئرمین کا جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ

بوسنیا ہرزگوینا ایوان صدر کے چیئرمین کا جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ
November 5, 2020
 راولپنڈی (92 نیوز) بوسنیا ہرزگوینا ایوان صدر کے چیئرمین نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے بوسنیا ہرزیگووینا ایوان صدر کے چیئرمین شیفک زیفرووچ نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان بوسنیا ہرزیگووینا اپنے قریبی برادرانہ سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے عوام کے مابین قریبی تعلقات پر فخر ہے۔ ملاقات میں باہمی دفاعی اور تکنیکی تعاون، مشترکہ منصوبوں کے فروغ پر  گفتگو ہوئی۔ بوسنیا ہرزیگووینا ایوان صدر کے چیئرمین شیفک زیفرووچ نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر بوسنیا ہرزیگووینا ایوان صدر کے چیئرمین کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ شیفک زیفرووچ نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ کی۔