Wednesday, May 1, 2024

بوائلر تو تھا ہی نہیں ، برف کا کارخانہ بم سے اڑایا گیا ، آئس فیکٹری کے مالک کا دعویٰ

بوائلر تو تھا ہی نہیں ، برف کا کارخانہ بم سے اڑایا گیا ، آئس فیکٹری کے مالک کا دعویٰ
December 25, 2020

کراچی (92 نیوز) کراچی میں تباہ آئس فیکٹری کے لندن میں مقیم مالک معین قادری نے دعویٰ کیا کہ بوائلر تو تھا ہی نہیں بلکہ برف کا کارخانہ بم سے اڑایا گیا۔

نیوکراچی میں پراسرار دھماکے سے تباہ ہونے والی آئس فیکڑی کے مالک کے ویڈیو بیان کے بعد معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا۔ لندن میں مقیم فیکڑی مالک نے انکشاف کیا کہ اس کو بہت عرصے سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ اسی لئے وہ لندن شفٹ ہو گیا تھا۔ فیکڑی مالک نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس کی فیکڑی کو بم سے اڑایا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری مالک معین قادری نے کبھی دھمکیوں سے متعلق پولیس کو آگاہ نہیں کیا۔ تباہ ہونے والی فیکڑی کے ساتھ مزید فیکڑیاں ہیں انہیں کسی قسم کی کوئی دھمکی نہیں ملی۔

تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ دھماکے سے صرف فیکٹری کی دیواریں اور چھت مہندم ہوئی۔ پلاسٹک کے ڈرم و سامان کے پرخچے نہیں اڑے۔ بارودی مواد سے آگ لگ جاتی ہے لیکن فیکٹری میں آگ نہیں لگی۔

تحقیقاتی اداروں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ امونیا گیس کے اخراج کے باعث پریشر بن جانے سے زور دار دھماکہ ہوا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا تاہم ملبہ نہ ہٹنے کی وجہ سےمکمل انسپیکشن نہیں ہو سکا۔