Sunday, May 12, 2024

بنیادی انسانی حقوق کا احترام کشمیر سمیت ہر جگہ ہونا چاہیے، انتونیو گوتریس

بنیادی انسانی حقوق کا احترام کشمیر سمیت ہر جگہ ہونا چاہیے، انتونیو گوتریس
February 18, 2020
لاہور (92 نیوز) یواین سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کا احترام کشمیر سمیت ہر جگہ ہونا چاہیے، مستقبل کے چیلنجزسامنے رکھتے ہوئے نصاب میں تبدیلی کرنا ہوگی۔ لاہور کی نجی یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ 21 ویں صدی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہوگا، اداروں کے درمیان ڈائیلاگ کا ہونا ضروری ہے، مستقبل کے چیلنجز سامنے رکھتے ہوئے نصاب میں تبدیلی کرنا ہوگی، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کرنا ہوں گے۔ آج کے دور کا سب سے بڑا مسئلہ ماحولیاتی آلودگی ہے، سلامتی کونسل کے صرف 5 ممالک کے پاس ویٹو پاور ہے، عالمی سطح پر بھی ممالک میں مساوات نہیں ہے، افراد اور ملکوں میں مساوات قائم کرنا آسان نہیں، یہ طویل عمل ہے۔ یو این سیکریٹری جنرل نے ایک اسکول کا دورہ بھی کیا، وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے انتونیو گوتریس کا استقبال کیا، ہاتھوں میں پھول اور روایتی لباس پہنے اسکول کے بچوں نے مہمان کو خوش آمدید کہا، یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے۔ انہوں نے طلبہ سے ملاقات بھی کی، اس موقع پر یو این سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستانی بچوں کے محفوظ، صحت مند مستقبل کی یقین دہانی کراتے ہیں، پاکستان کے والہانہ استقبال اور پرتکلف مہمان داری کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان ماضی کی نسبت اب زیادہ پرامن ملک ہے، اقوام متحدہ پاکستان میں بیماریوں سے لڑنے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔