Friday, April 19, 2024

بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی

بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی
June 27, 2019
اسلام آباد ( 92نیوز ) سپریم کورٹ میں بنی گالہ  تجاوزات کیس کی سماعت   ہوئی ، سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی رپورٹس عدالت میں جمع  کرا دی گئیں ۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ایم سی آئی اپریل سے سی ڈی اے کو چٹھیاں لکھ رہی مگر کوئی جواب نہیں دیا جارہا۔ چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد کو پیش ہوکر جواب دینا چاہیے۔ وکیل سی ڈی اے  نے عدالت کوبتایاکہ سیوریج ، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس ،فضلے کی تلفی اور ڈمپنگ کےلئے سائیٹس کا انتخاب کر لیا ۔ اس پر جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا  اگر سائیٹس کا انتخاب ہوگیا ہے توزمین ایم سی آئی کے حوالے کر دیں۔ زیر زمین سیوریج لائنوں کا کام بھی جلد مکمل ہونا چاہئے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ  اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور ماسٹر پلان کی خلاف ورزی بہت زیادہ ہے۔ ماسٹر پلان پر نظر ثانی ہو تو ممکن ہے غیر قانونی تعمیرات کا کچھ حصہ ریگولرائز ہوجائے۔ ڈی جی ماحولیات  نے عدالت کو بتایا کہ  سی ڈی اے زوننگ ریگولیشنز میں ترمیم کیلئے ممکنہ طور پر کل فیصلہ ہو جائے گا۔ کچی آبادی ، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی منتقلی کے حوالے سے بھی فیصلے کیے جائیں گے۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نےبتایا کہ کورنگ نالے میں مری سے آنیوالی گندگی کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹس لگا رہے ہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال نےریمارکس دیے  نالوں میں گندگی روکنے کیلیے سزا اور جرمانے کے علاوہ اور بھی کام کرنے کی ضرورت ہے ، لوگوں کو شعور دینے کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں۔ عدالت نے سی ڈی اے ، ایم سی آئی اور پنجاب حکومت سے پیش رفت رپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کردی ۔