Saturday, April 20, 2024

بنی گالہ تجاوزات کیس، سپریم کورٹ چیئرمین سی ڈی اے پر برہم ‏

بنی گالہ تجاوزات کیس، سپریم کورٹ چیئرمین سی ڈی اے پر برہم ‏
April 4, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) بنی گالہ تجاوزات کیس میں سپریم کورٹ  چیئرمین سی ڈی اے پر برہم ہو گئی ۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ سی ڈی اے نے راول ڈیم کو گٹر بنا دیا ،اسے صرف امیروں کے تفریحی مقامات کی فکر ہے ،خیال تھا قبضہ مافیا صرف کراچی میں ہے لیکن  یہ ناسور اسلام آباد میں بھی جڑیں پکڑ چکا ہے۔

سپریم کورٹ میں بنی گالہ  تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی ، عدالتی حکم پر چیئرمین سی ڈی اے پیش ہوئے ۔عدالت نے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر چیئرمین سی ڈی ٓے عامر علی احمد کی سرزنش کر ڈالی ۔

جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے  کہ  اگر عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں ہوا تو آپ اپنے عہدے پر کیوں ہیں؟ ، کیا آپ صرف شہر میں کچی آبادیاں بنوانے آئے ہیں۔قبضہ مافیا کا ناسور اسلام آباد میں بھی جڑیں پکڑ چکا ہے۔

جسٹس عمر عطابندیال نے استفسار کیا بنی گالہ میں سیوریج سسٹم کے حوالے سے کیا پیشرفت ہوئی  ۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے سی ڈی اے نے تو راول ڈیم کو ہی گٹر بنا دیا، چیئرمین سی ڈی اے کو کہا آپ کو پلاٹ مل گیا ہوگا، اب عہدہ چھوڑ دیں۔

جسٹس گلزار احمد نے مزید کہا کہ سات سال سے دیکھ رہا ہوں کشمیر ہائی وے بنے چلی جارہی ہے، یہ کیس میرے پاس رہا تو دیکھنا ہوتا کیا ہے۔

عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے کو تمام غیرقانونی الاٹمنٹس ختم کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد کا فضلہ ٹھکانے لگانے کے لیے ڈمپنگ سائٹ کے انتخاب کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔