Thursday, March 28, 2024

بنی گالہ تجاوزات کیس، حکومت کا غیرقانونی آبادی ختم کرنے پر بے بسی کا اظہار

بنی گالہ تجاوزات کیس، حکومت کا غیرقانونی آبادی ختم کرنے پر بے بسی کا اظہار
July 25, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ میں بنی گالہ تجاوزات کیس میں حکومت نے غیرقانونی آبادی ختم کرنے پر بے بسی کا اظہار کیا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی استفسار پر سرکاری وکیل نے کورنگ نالہ پر گندگی ختم کرنے کیلئے 3 ٹریٹمنٹ پلانٹس 2 سال میں لگانے کی یقین دہانی کرائی اور ساتھ ہی نالے پرغیر قانونی آبادی کو ہٹانے پر بے بسی کا اظہار کر دیا۔ ڈی جی ماحولیات نے میونسپل کارپوریشن کے خلاف سفارشات پر عملدرآمد نہ کرنے کی شکایت کر دی۔ جسٹس عمرعطا بندیال نے 10،10 لاکھ روپے لگا کر وقتی طور پرپانی کی صفائی کا کام کرنے کی تجویز دی تو جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس 10 لاکھ روپے بھی نہیں تو ڈی چوک میں چندہ مانگنا شروع کر دے۔ حکومت نے آبادی بننے ہی کیوں دی؟؟ اگر ختم نہیں کر سکتی۔ آبادی کو بھی اپنی گندگی کم کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہونگے۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دئیے کہ سیکرٹری داخلہ سے کہیں عدالت کی مدد کریں یا پھر ڈی جی ماحولیات کے کہنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیتے ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سیکرٹری داخلہ کو ذاتی حثیت میں طلب کر لیا اور اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر تبدیلی کی تجاویز طلب کر لیں۔ کیس کی دوبارہ سماعت آئندہ ہفتے ہو گی۔