Monday, May 13, 2024

بنگلہ دیشی ٹیم آج قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی

بنگلہ دیشی ٹیم آج قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی
January 23, 2020
لاہور (92 نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے لاہور پہنچ گئی، 15 رکنی اسکواڈ میں سینئر پلیئرز شامل ہیں، مہمان ٹیم آج قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات،پہلا میچ 24جنوری کو کھیلا جائے گا۔ بنگال ٹائیگرز نے  بارہ سال بعد پاک سرزمین پرقدم رکھ دئیے۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریزکھیلنے کیلئے15رکنی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے ڈھاکہ سے لاہور پہنچ گئی۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پی سی بی حکام نے مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا، بنگال ٹائیگرز کو سخت سکیورٹی میں ائیرپورٹ سے نجی ہوٹل لایا گیا۔ بنگلہ دیش  کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن،دیگر آفیشلز اور سکیورٹی اسٹاف بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں ۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو مانو سواہنےبھی لاہور پہنچ گئے ہیں۔ ڈھاکہ سے روانگی سے قبل بنگلہ دیشی کھلاڑی خوشگوار موڈ میں نظر آئے۔ مہمان ٹیم رات بھر آرام کے بعد آج دوپہر کو قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی جبکہ بنگلہ دیشی قائد محموداللہ اور پاکستانی کپتان بابر اعظم سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر الگ الگ پریس کانفرنس کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لوگو کی رونمائی  بھی کردی گئی۔رات گئے تک قذافی اسٹیڈیم میں میچ کی تیاریاں جاری رہیں۔ سیریز  کیلئے سکیورٹی کے فول  پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیرصدارت کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا اجلاس قذافی اسٹیڈیم میں ہوا،انکاکہنا تھا کہ مہمان ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ لیول کی سکیورٹی دی جائے گی ۔میچ کیلئے خصوصی پارکنگ ایریاز سے شائقین کو خصوصی شٹل سروس کے ذریعے قذافی اسٹیڈیم لایا جائےگا ۔نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں 20 بیڈ کا عارضی ہسپتال بھی قائم کردیا گیا ہے۔ نجی کورئیر سروس کی برانچوں سے سیریز کی ٹکٹوں کی فروخت بھی جاری ہے ۔ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچ دوپہر دو بجے شروع ہوا کریں گے۔ پہلا میچ 24 جنوری، دوسرا 25 جنوری اور تیسرا 27 جنوری کو کھیلا جائے گا۔