Friday, April 26, 2024

بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے اظہرعلی کی قیادت میں 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان

بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے اظہرعلی کی قیادت میں 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان
February 1, 2020
لاہور (92 نیوز) بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے اظہرعلی کی قیادت میں پاکستان کی 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ قومی ٹیسٹ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کیا، اعلان کردہ اسکواڈ میں اظہر علی، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، بلال آصف، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شاہ مسعود اور یاسر شاہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پلیئنگ اسکواڈ میں ضرورت کے تحت تبدیلی کی جائیگی، کسی بھی ٹیم کے کھیل سے متعلق کوئی گارنٹی نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں جس کھلاڑی کی ضرورت پڑتی ہے اس کو کھلایا جاتا ہے، ہر ٹیم کیخلاف پوری تیاری کیساتھ کھیلنا ہوتا ہے۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے بعد ہم سب پلیئرز کی پرفارمنس کو دیکھیں گے، جو پلیئرز پی ایس ایل میں پرفارم کررہا ہوگا اسے آگے چانس دیا جائے گا۔ ہمارے بنچ میں جو لڑکے ہیں ہم سمجھتے ہیں سب اچھے پرفارمر ہیں۔ ان کا مز ید کہنا تھا کہ ٹیم میں ہمارے لیے پریشر بھی ہے ہم کہیں بھی ریلکس نہیں ہوسکتے، ہمیں جتنے بھی میچز ہیں وہ جیتنے ہوں گے خصوصی طور پر ہوم سیریز۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد شاہینوں نے ٹیسٹ سیریز  جیتنے کے لیے کمر کس لی، قومی ٹیم کی بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے بھر پور تیاریاں جاری ہیں۔ آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 7 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔