Friday, April 26, 2024

بنگلہ دیش کی ٹیم تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئی

بنگلہ دیش کی ٹیم تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئی
January 23, 2020

 لاہور (92 نیوز) بنگلہ دیش کی ٹیم تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئی۔ 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت محمود اللہ کر رہے ہیں۔

 اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں۔ مہمان ٹیم کل قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش  کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ 24 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

 دوسری طرف آئی سی سی چیف ایگزیکٹو مانو سواہنے کی بھی وفد کے ہمراہ لاہور آمد ہوئی۔

سیریز کیلئے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم کی صفائی اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا۔ کمشنر لاہور سیف انجم کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کے اطراف، پارکنگ ایریاز اور اہم سڑکوں پرفلڈ لائٹس کی تنصیب  اور 300 سے زائد سکیورٹی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ پارکنگ ایریاز سے شٹل سروس کے ذریعے تماشائیوں کو اسٹیڈیم لایا جائے گا۔

پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی کی نمبرون پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے بنگلہ دیش کو لازمی کلین سویپ کرنا ہو گا۔ ایک بھی شکست پاکستان کو نمبر ٹو اور آسٹریلیا کو نمبرون کی پوزیشن پر لے آئے گی۔