Saturday, April 20, 2024

بنگلہ دیش کا پاکستان کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف

بنگلہ دیش کا پاکستان کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف
January 24, 2020
 لاہور (92 نیوز) پاک بنگلہ دیش سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دے دیا۔ بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ سومیا سرکار 7 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پربولڈ ہو گئے۔ بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے 19 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے محمد نعیم 43 اور تمیم اقبال 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو اپنی اپنی ٹیم کی جیت کا بھرپور یقین ہے ۔پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کی ہوٹل اور اسٹیڈیم کے درمیان نقل وحرکت کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ دونوں ٹیموں نے اسٹیڈیم میں الگ الگ پریکٹس کی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے کپتانوں نے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی اور تصاویر بنوائیں۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھی فوٹو سیشن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون پوزیشن برقرار رکھنا اصل چیلنج ہے۔ ہوم گراؤنڈ پر ٹیم کی قیادت کرنا بڑا اعزاز ہے۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی انکی خواہش پر ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے کہا شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ سکیورٹی سے کوئی پرابلم نہیں ،پوری توجہ اپنے کھیل پر ہو گی۔ پرجوش لاہورئیے بھی میچ کے دوران دونوں ٹیموں کو اسپورٹ کرنے کیلئے تیار نظر آرہے ہیں۔ تمام ٹی ٹوئنٹی میچ دوپہر دو بجے شروع ہوا کریں گے۔ سیریز کا دوسرا میچ ہفتہ اور تیسرا میچ پیر کے روز کھیلا جائے گا۔