Friday, March 29, 2024

بنگلہ دیش نے پاکستان میں کرکٹ بحالی میں ساتھ دیا، فردوس عاشق اعوان

بنگلہ دیش نے پاکستان میں کرکٹ بحالی میں ساتھ دیا، فردوس عاشق اعوان
February 8, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ بنگلہ دیش نے پاکستان میں کرکٹ بحالی میں ساتھ دیا۔ خطے اوردنیا میں امن کیلئے ضروری ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹائے۔ فردوس عاشق اعوان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کرکٹ کے میدان سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا، پاکستان پر امن ملک ہے، پاکستان سے کرکٹ ختم کرنے کے مخالفین کے ارمان خاک میں مل گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لورز اور چاہنے والے ہیں، میں خود بھی ایک کرکٹر ہوں، بنگلہ دیش کرکٹ کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، وزیراعظم عمران خان خود سپورٹس مین ہیں، وزیراعظم ہر طرح کے چیلنجز کو مواقع میں بدلتے ہیں۔ معاون خصوصی اطلاعات بولیں کہ پاکستان میں کبڈی کا ورلڈ کپ ہونے جارہا ہے، سیاحت کے حوالے سے پاکستان کو پر امن ملک کہا گیا ہے، پاکستان امن کا علمبردار اور داعی ہے، کرکٹ سے دنیا میں پاکستان کا حقیقی اور روشن چہرہ متعارف کرائیں گے۔ ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیالکوٹ  پاکستان میں کرکٹ کی جنم بھومی ہے، سیالکوٹ میں کرکٹ اسٹیڈیم آباد نہیں ہوتا تو یہ وہاں کے لوگوں کیساتھ زیادتی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر میں ہمارے بہن بھائی قید میں ہیں، خطےمیں امن کیلئے بھارت مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹائے۔ وزیراعظم کا بیانیہ ہے جس کے پاس ذمے داری ہو اختیار بھی اسکے پاس ہوناچاہیے۔ لائحہ عمل طے ہونا چاہیے ذمے داروں کے پاس اختیار بھی ہو۔