Friday, March 29, 2024

بنگلہ دیش نے محمد میاں سومرو‘ اسحاق خاکوانی سمیت 4 پاکستانیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی

بنگلہ دیش نے محمد میاں سومرو‘ اسحاق خاکوانی سمیت 4 پاکستانیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی
October 22, 2015
ڈھاکہ (92نیوز) بھارتی مداخلت کے زیراثر بنگلا دیش پاکستان دشمنی میں بوکھلا گیا۔ سابق صدر محمد میاں سومرو، اسحاق خاکوانی اور ریاض نون سمیت چار پاکستانیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی۔ چاروں پاکستانی جنگی جرائم کے ملزم صلاح الدین قادر کے حق میں بیان کیلئے بنگلا دیش جانا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی مداخلت کے زیراثر بنگلہ دیش پاکستان دشمنی میں بوکھلا گیا۔ بنگلہ دیش میں قید جنگی جرائم کے ملزم صلاح الدین قادر چودھری کے حق میں بیان دینے کیلئے بنگلہ دیش جانے والے4پاکستانیوں پر بنگلہ دیش داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ان پاکستانیوں میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسحاق خان خاکوانی اور امبر ہارون سہگل بھی شامل ہیں۔ صلاح الدین قادر پر 1971ءمیں پاکستانی فوج کی معاونت کرنے اور قتل عام کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سابق صدر پاکستان محمد میاں سومرو، اسحاق خاکوانی، امبر ہارون سہگل، ریاض احمد نون نے بیان حلفی بنگلہ دیشی ہائی کمیشن میں جمع کرا دیئے ہیں۔ بیان حلفی میں کہا گیا ہے کہ صلاح الدین قادر چودھری 17 اپریل 1971ءکو پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔ یاد رہے کہ صلاح الدین قادر چودھری پاکستان کے سابق سپیکر قومی اسمبلی فضل قادر چودھری کے بیٹے ہیں۔ صلاح الدین قادر چودھری کے خلاف جنگی جرائم کیس کی سماعت بنگلہ دیشی سپریم کورٹ میں 4 نومبر کو ہوگی۔