Wednesday, May 8, 2024

بنگلہ دیش میں گیارہویں عام انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری

بنگلہ دیش میں گیارہویں عام انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری
December 30, 2018
ڈھاکہ (92 نیوز) بنگلہ دیش میں گیارہویں عام انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیئے گئے ہیں۔ انٹر نیٹ اور موبائل فون سروس بند ہے۔ بنگالہ دیش میں  عام انتخابات کیلئے پولنگ کا  عمل مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو شام چار بجے تک جاری رہے گا۔ پارلیمنٹ کی تین سو میں سے دو سو ننانوے نشستوں پر  امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے ۔ ملک بھر میں چالیس ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد  دس کروڑ چالیس لاکھ ہے۔ کشیدہ حالات کے پیش نظر ملک بھر میں  چھے لاکھ سے زائد سکیورٹی اہلکار  فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔ کئی شہروں میں ہفتے کی شام سے انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند ہے جو شام  چھے  بجے بحال کی جائے گی۔ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے  دارالحکومت ڈھاکا  میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ کرپشن کے جرم میں  قید  اپوزیشن رہنما خالدہ ضیا اور مخالف جماعتوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے باعث   شیخ حسینہ واجد کی کامیابی کے واضح امکانات ہیں۔ رپورٹس کے مطابق دس دسمبر سے لے کر اب تک  حکومت اور اپوزیشن کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور دو ہزار چھے سو بیاسی زخمی ہوئے۔