Friday, May 10, 2024

بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجر کیمپوں میں موبائل سروس پر پابندی عائد

بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجر کیمپوں میں موبائل سروس پر پابندی عائد
September 3, 2019
ڈھاکا ( 92 نیوز) روہنگیا مسلمانوں کی مشکلات کم نہ ہو سکیں  ، بنگلہ دیشی حکومت نے روہنگیا مہاجر کیمپوں میں موبائل سروس پر مکمل پابندی عائد کر دی ۔ بنگلہ دیش بھی بھارتی وزیراعظم مودی کے فاشسٹ ایجنڈے پر چلنے لگا ، بنگلہ دیشی حکومت نے روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں میں موبائل سروس بند کرنے کا حکم دے دیا ،  روہنگیا مسلمانوں کو نئے موبائل فونز اور سمز بیچنے پر بھی مکمل پابندی ہو گی، تمام ٹیلی کام  آپریٹرز کو  اقدامات پر سات روز میں رپورٹ جمع کرانے  کی ہدایت کی ہے ۔ بدترین مظالم کے باعث میانمار سے ہجرت کر کے بنگلہ دیش آنے والے روہنگیا مسلمانوں  کو اپنوں سے دوری کا غم ختم نہیں ہوا تھا اور اب ان سے رابطہ کرنا بھی ناممکن ہو گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ  یہ اقدام مہاجر کیمپوں میں تشدد اور منشیات فروشی کے واقعات کی روک تھام کیلئے کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب روہنگیا مسلمانوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے باعث وہ اپنے عزیز و اقارب سے مکمل طور پر کٹ کر رہ جائیں گے۔ بنگلہ دیش کے مہاجر کیمپوں میں دس لاکھ کے قریب روہنگیا مسلمان رہائش پذیر ہیں۔