Monday, September 16, 2024

بنگلہ دیش: عیدگاہ پر دہشت گردوں کا حملہ‘ پولیس اہلکار سمیت چار جاں بحق

بنگلہ دیش: عیدگاہ پر دہشت گردوں کا حملہ‘ پولیس اہلکار سمیت چار جاں بحق
July 7, 2016
ڈھاکا (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کے ضلع کشور گنج میں عید گاہ کے قریب پولیس چوکی اور موبائل پر بم حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت چار افراد جاں بحق اور بارہ سے زائد شہری زخمی ہو گئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں خوف وہراس کی فضا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عید گاہ پرفائرنگ کا واقعہ ڈھاکا کے شمال مشرقی علاقے شولاقیہ میں ہوا جہاں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر گھریلو ساخت کے بم پھینکے اور فائرنگ کی۔ کشور گنج کے اے ایس پی شعیب ابو شائل نے بتایا کہ واقعے میں چار افراد ہلاک اور بارہ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جس کے بعد بنگلہ دیشی شہری خوف کی فضا میں عید منا رہے ہیں۔ مولانا فریدالدین مسعود کا کہنا ہے فائرنگ عید گاہ سے ایک کلو میٹر کے فاصلے پر ہوئی اور کوئی نمازی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ فائرنگ کے موقع پر تین لاکھ افراد عید گاہ میں موجود تھے۔ اس سے پہلے جمعہ کے دن ڈھاکا میں مسلح حملہ آوروں کے حملے میں بیس افراد کویرغمال بنا کر ہلاک کیا گیا تھا۔ ابھی تک کسی گروپ نے کشور گنج واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم حکام اسے شدت پسندوں کی کارروائی قراردے رہے ہیں۔ حسینہ واجد نے واقعے کی مذمت کی ہے۔ مارے جانے والوں میں ایک پولیس اہلکار اور حملہ آور سمیت چار افرادشامل ہیں۔