Wednesday, April 24, 2024

بنگلہ دیش ، عام انتخابات میں شیخ حسینہ واجد کی جماعت کامیاب

بنگلہ دیش ، عام انتخابات میں شیخ حسینہ واجد کی جماعت کامیاب
December 31, 2018
+ڈھاکہ ( 92 نیوز) بنگلہ دیش  کے عام انتخابات میں وزیر اعظم  شیخ حسینہ واجد کی جماعت  نے میدان مارلیا، اپوزیشن   جماعتوں نے   نتائج مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدار حکومت کی زیرنگرانی دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کردیا، پولنگ کے دوران پرتشدد واقعات میں 18 افراد  ہلاک ہوئے ۔ بنگلہ دیش کے خونی عام انتخابات  میں  شیخ حسینہ واجد مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بن گئیں ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق حکمران جماعت عوامی لیگ اور اتحادی  جماعتوں نے  پارلیمنٹ کی تین سو میں سے دو سو اٹھاسی نشستوں پر کامیابی سمیٹی ، جبکہ  بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی زیر قیادت اپوزیشن اتحاد  صرف چھ نشستیں ہی حاصل  کرسکا۔ اپوزیشن کے جاتیا اوکیا فرنٹ نامی اتحاد کے سربراہ کمال حسین نےانتخابی نتائج کے بعد حکمران جماعت پر  دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے  غیر جانبدار حکومت کے زیر نگرانی دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کیا ہے ۔ اتور کے روز ہونے والی پولنگ  کے دوران  حکومتی اور اپوزیشن کارکنوں کے درمیان تصادم  کے  مختلف واقعات میں  پولیس اہلکار سمیت  18 افراد  ہلاک ہوئے ، مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل، نجی چینل کی نشریات بھی بند کردی گئی تھیں۔