Friday, April 19, 2024

بنگلہ دیش، بھارت، چین اور نیپال میں مون سون کی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی

بنگلہ دیش، بھارت، چین اور نیپال میں مون سون کی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی
July 19, 2020
بیجنگ (92 نیوز) جنوبی ایشیائی ممالک میں مون سون کی طوفانی بارشیں، ہولناک سیلاب نے بنگلہ دیش، بھارت، چین اور نیپال میں تباہی مچادی، مختلف حادثات میں چار سو سترہ سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ قدرتی آفت سے لاکھوں افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ بنگلہ دیش میں مون سون کی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی،ملک کا بڑا حصہ سیلاب میں ڈوب چکا ہے، سیلابی ریلوں، آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ میں 60سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں، حکام کے مطابق سیلاب سے ساڑھے بائیس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ادھر بھارت میں بھی موسمی بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں،سب سے زیادہ خوفناک صورتحال ریاست آسام میں ہے، دریائے براہم پترا میں طغیانی آنے سے تنتیس میں سے چھبیس اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں، سیلابی ریلوں اور لینڈسلائیڈنگ سے ایک سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ چین کی صورتحال بھی کچھ مختلف نہیں، جہاں متعدد صوبوں میں ہولناک سیلاب تباہی مچارہا ہے، سیکڑوں دیہات اور لاکھوں ایکڑ زرعی اراضیزیر آب آگئی ہے، ملک میں اب تک ایک سو چالیس اموات کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ نیپال کا ذکر کرتے ہیں، وہاں بھی موسم کی صورتحال تشویشناک ہے، سیلابی ریلوں نے متعدد دیہاتوں اور ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی کو تباہ کرڈالا ہے، مختلف حادثات میں ایک سو سترہ افراد مارے گئے ہیں۔