Saturday, April 27, 2024

بنگلہ دیش اور پاکستان کا تیسرا ٹی 20 میچ بارش کے باعث منسوخ

بنگلہ دیش اور پاکستان کا تیسرا ٹی 20 میچ بارش کے باعث منسوخ
January 27, 2020
 لاہور ( 92 نیوز) بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جانیوالے ٹی 20 میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا۔ شاہینوں کے مشن کلین سویپ میں بارش آڑے آ گئی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کھلاڑیوں کی جگہ بارش نے دھواں دار اننگز  کھیلی۔ ایسے بادل برسے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی  میچ منسوخ کر دیا گیا۔ میچ بغیر کوئی گیند پھینکے ہی ختم کر دیا گیا، ٹاس ہی ممکن نہ ہو سکا۔ بارش کے باوجود شائقین کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کے لیے پہنچی، تاہم میچ نہ ہونے پر شائقین نے مایوسی کا اظہار کیا ۔ منسوخ ہونے والے میچ کی آن لائن ٹکٹیں خریدنے والوں کو اکاؤنٹ میں پیسے واپس کئے جائیں گے۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی۔ میچ کے بعد بابراعظم نے سیریز میں فتح ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دے دی۔ بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے پاکستان کی بولنگ کی بھرپور تعریف کی۔ میچ منسوخ ہونے کے باوجود عالمی رینکنگ میں پاکستان کی نمبرون پوزیشن برقرار رہے گی۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم کو سیریز میں شاندار پرفارمنس دکھانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔