Saturday, May 11, 2024

بنگلور، توہین آمیز پوسٹ کیخلاف احتجاج پر بھارتی پولیس کی فائرنگ، 3 مسلمان جاں بحق، 100 سے زائد گرفتار

بنگلور، توہین آمیز پوسٹ کیخلاف احتجاج پر بھارتی پولیس کی فائرنگ، 3 مسلمان جاں بحق، 100 سے زائد گرفتار
August 12, 2020
بنگلور (92 نیوز) بھارتی شہر بنگلور میں توہین آمیز پوسٹ کے خلاف احتجاج کرنے پر بھارتی پولیس نے فائرنگ کر کے تین مسلمانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ ایک سو سے زائد مسلمانوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ بھارت میں مسلمانوں کے لئے زمین تنگ، مذہبی تعصب اور نفرت کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہونے لگا۔ کانگریس کے ایم ایل اے آکھنڈا سری نواس کے بھتیجے نوین کی سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹ سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی۔ توہین آمیز پوسٹ کیخلاف بھارتی شہر بنگلور میں مظاہرے ہوئے۔ بھارتی پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ کر کے تین مسلمان کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تینوں بے گناہ مسلمانوں کو اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جب وہ کانگریس کے ایم ایل اے آکھنڈا سری نواس کے گھر کے سامنے احتجاج کرنے جمع ہوئے۔ بھارتی پولیس نے 110 مسلمانوں کوحراست میں بھی لے لیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ایف آئی آر درج کی جائے اور ایم ایل اے کے رشتہ دار کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے کیونکہ اس نے مذہبی جذبات مجروح کیے ہیں، بھارت میں مسلمانوں پر تشدد پر حامد سعید کاظمی اور علامہ طاہر اشرفی نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ بنگلور کے پولیس کمشنر کمل پنت کے مطابق ڈی جی ہللی اور کے جی ہللی علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ پورے شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے۔