Sunday, May 12, 2024

شیخ حسینہ واجد نے بھارت کا متنازع شہریت قانون غیر ضروری قرار دے دیا

شیخ حسینہ واجد نے بھارت کا متنازع شہریت قانون غیر ضروری قرار دے دیا
January 19, 2020
 ڈھاکہ (92 نیوز) بنگلادیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے بھارت کا متنازع شہریت قانون غیر ضروری قرار دے دیا۔ وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا کہنا ہے کہ سمجھ میں نہیں آیا کہ بھارتی حکومت نے ایسا کیوں کیا۔ شہریت قانون سے بھارت میں رہنے والے لوگوں کو مشکلات کاسامنا ہے ۔ شیخ حسینہ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے یقین دہانی کرائی ہے این آرسی سے ان کے لوگ متاثر نہیں ہوں گے۔ ادھر بھارت بھر میں متنازعہ قانون کے خلاف خواتین کے مظاہرے جاری ہیں ۔ نئی دہلی کے شاہین باغ میں خواتین ڈٹ کر اپنی جگہ پر بیٹھی ہوئی ہیں۔ لکھنؤ اور کرناٹکا میں بھی خواتین کا احتجاج جاری ہے ۔ نئی دہلی کے شاہین باغ میں سرد ترین موسم کی پرواہ کیے بغیر خواتین جم کر اپنی جگہ بیٹھی ہوئی احتجاج کر رہی ہیں ۔ بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ  بھی مظاہرین سے اظہار یکجہتی کرنے ان کے پاس پہنچ گئے اور ان سے خطاب کیا۔ اداکار سوشانت سنگھ کا کہنا تھا ہر باغ سے بغاوت نکلتی ہے ، یہ جلیانوالا باغ تھا اب اس کے بعد شاہین باغ آیا ہے۔ ریاست کرناٹکا کے شہر گلبرگہ میں بھی متنازعہ شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے میں ہر مذہب کی خاتون مودی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج رہی۔