Sunday, September 8, 2024

بنگلا دیشی ٹیم 202رنز کے ہدف کے نیچے دب گئی‘ شاہین 55 رنز سے فتح یاب

بنگلا دیشی ٹیم 202رنز کے ہدف کے نیچے دب گئی‘ شاہین 55 رنز سے فتح یاب
March 16, 2016
ایڈن گارڈنز (ویب ڈیسک) پاکستانی شاہینوں نے بنگلہ دیش کو ٹی ورلڈ کپ کے سپرٹین مرحلے کے میچ میں پچپن رنز سے دھول چٹا دی۔ تفصیلات کے مطابق کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں سپرٹین گروپ ٹو کے میچ میں پاکستان نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 201رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے شرجیل خان نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ انہوں نے دس گیندوں پر 18 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور ایک چوکا ہے۔ جارح مزاج بلے باز احمد شہزاد نے آٹھ چوکوں کی مدد سے باون رنز کی عمدہ اننگ کھیلی۔ محمد حفیظ کے بیالیس گیندوں پر چونسٹھ رنز نے تو گویا پاکستانی اننگ کو چار چاند لگا دیے۔ ان کی اننگ سات چوکوں اور دو چھکوں سے مزین تھی۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان جن پر خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے شدید تنقید کی جا رہی تھی انیس گیندوں پر انچاس رنز بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے چار چوکے اور چار چھکے لگائے۔ عمر اکمل صفر جبکہ شعیب ملک 9 گیندوں پر 15رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ یوں پاکستان نے 10.05رنز کی اوسط سے 201 رنز بنائے اور بنگلا دیش کی شکست کی بنیاد رکھ دی۔ بنگلا دیش کی جانب سے تسکین احمد نے چار اوورز میں بتیس رنز دیکر دو وکٹیں حاصل کیں۔ الامین حسین نے تین اوورز میں 43رنز دیے مگر وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ عرفات سنی چار اوورز میں چونتیس رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کر سکے۔ مرتضیٰ تین اوورز میں اکتالیس رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ سبیر رحمان نے دو اوورز میں گیارہ رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم چھ کھلاڑی آﺅٹ کے نقصان پر 146 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ بنگلا دیش کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب محمد عامر نے ایک شاندار بال پر سومیا سرکار کی وکٹیں اڑا دیں۔ وہ صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ تمیم اقبال 24‘ صبیر رحمان 25‘ شکیب الحسن ناٹ آﺅٹ پچاس ‘ محمداللہ 4‘ مشفیق الرحم اٹھارہ‘ محمد متھن دو رنز اور مشرفی مرتضیٰ 15رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے چار اوورز میں 27 رنز کے عوض دو‘ محمد عرفان نے چار اوورز میں تیس رنز پر ایک وکٹ حاصل کی۔ وہاب ریاض نے چار اوورز میں اکتیس رنز دیے مگر وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ شاہد آفریدی نے چار اوورز میں ستائیس رنز کے عوض دو اور عماد وسیم نے دو اوورز میں تیرہ رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ شعیب ملک کے حصے میں کوئی وکٹ نہ آئی۔