Thursday, April 25, 2024

بنگالی بلےبازوں نے پاکستانی بالرز کو تگنی کا ناچ نچادیا

بنگالی بلےبازوں نے پاکستانی بالرز کو تگنی کا ناچ نچادیا
April 17, 2015
ڈھاکہ(سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیشی بلے بازوں نے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستانی باؤلرز کوتگنی کا ناچ نچا دیا اورتین سوانتیس رنز بناڈالے فیلڈرزنے کیچ چھوڑ کربنگلہ دیشی بلے بازوں کی خوب  مدد کی یہ بنگلہ دیش کا ون ڈے کرکٹ میں بہترین ٹیم ٹوٹل ہے۔ تفصیلات کے مطابق میر پور ڈھاکہ کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں میزبان ٹیم کے قائم  مقام کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیاتو بنگالیوں نے پاکستان کے خلاف خوب چوکوں چھکوں کی بارش کی اورپاکستانی باؤلرزاور فیلڈرزمنہ تکتے رہ گئے۔ بنگالی ٹائیگرز کی پہلی وکٹ اڑتالیس کے اسکور پر گری جب سومیا سرکار بیس رنز بنا کر رنز آؤٹ ہو گئے، محمود اللہ  پانچ رنز بنا کر راحت علی کا شکار بنے، تمیم اقبال نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پندرہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ایک سو بتیس رنز بنائے۔ تمیم اقبال اور مشفق الرحیم نے بنگلہ دیش کی جانب سے تیسری وکٹ کی شراکت میں ایک سو اٹھہتر رنز بنائے یہ بنگلہ دیش کی ایک روزہ میچوں میں کسی بھی ملک کے خلاف تیسری وکٹ کے لیے ریکارڈ شراکت ہے۔ پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نئےباولنگ ایکشن کے ساتھ موثر ثابت نہ ہوئےاور کوئی بھی وکٹ نہ لے سکے۔ میچ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت اظہر علی کر رہے ہیں جنہوں نے  ستائیس ماہ کے بعد ون ڈے  انٹرنیشنل  میں شرکت کی۔ میچ میں سعد نسیم اور محمد رضوان نے ون ڈے ڈیبیو کیا ۔