Monday, September 16, 2024

بلیک لسٹ امریکی شہری اسلام آباد سے گرفتار‘ امریکی سفارتخانہ حرکت میں آ گیا

بلیک لسٹ امریکی شہری اسلام آباد سے گرفتار‘ امریکی سفارتخانہ حرکت میں آ گیا
August 6, 2016
اسلام آباد (92نیوز) بلیک لسٹ میں شامل امریکی شہری اسلام آبادایئرپورٹ پر اترتے ہی گرفتارکرلیا گیا۔ میتھیوبیرٹ نے پاکستانی خاتون سے شادی کررکھی ہے۔ ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کر دیں۔ امریکی سفارتخانے نے اپنے باشندے کوبچانے کےلئے ہاتھ پاوں مارنا شروع کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیوبیرٹ جیسے ہی بینظیر ایئرپورٹ پر اترا۔ ایف آئی اے حکام نے دھر لیا۔ امریکی شہری نے پاکستان کےلئے 22جون 2016ءکوویزہ حاصل کیا جس کی مدت 4سال تھی۔ میتھیو کی سفری دستاویزات میں پاکستان آنے کا مقصد فیملی سے ملاقات ظاہر کیا گیا ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق میتھیو کو پاکستان میں مشکوک سرگرمیوں پر بلیک لسٹ کیا گیا تھا اور اس کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کئے گئے تھے۔ ایف آئی اے ذرائع کاکہنا ہے کہ اس سے قبل میتھیوبیرٹ 15مارچ 2011ءکو پاکستان آیاتھا اوراسے یکم جون 2010ءکو ویزہ جاری کیا گیاتھا۔ اس دوران میتھیو نے پاکستان میں اپنی رہائشگاہ کا پتہ سیکٹر جی ایٹ 1ظاہر کیا تھا۔امریکی شہری نے پاکستان میں قیام کے دوران پاکستانی خاتون سے شادی بھی رچائی اور اس کی اہلیہ ان دنوں پاکستان میں ہی رہائش پذیر ہے۔ تفتیشی ذرائع کاکہنا ہے تحقیقات کی جارہی ہیںکہ میتھیوکا اپنی فیملی کے ساتھ کیا تنازع تھا۔ امریکی شہری کو مقامی عدالت میں بھی پیش کیا جائیگا۔ دوسری جانب امریکی سفارتخانے نے اپنے شہری سے متعلق معلومات کےلئے ایف آئی اے سے رابطہ کیا ہے۔