Thursday, May 9, 2024

بلوچستان یونیورسٹی اسکینڈل ، پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس بے نتیجہ

بلوچستان یونیورسٹی اسکینڈل ، پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس بے نتیجہ
October 19, 2019
کوئٹہ ( 92 نیوز) بلوچستان یونیورسٹی کے طلبہ کو بلیک میل اور ہراساں کرنے کے حساس معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس بے نتیجہ رہا، اجلاس میں کمیٹی کے چیئر مین کا انتخاب اور دیگر اہم امور زیر بحث لائے جانے تھے، کمیٹی کے 2ممبران کی عدم شرکت کے باعث اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ بلوچستان یونیورسٹی میں طلباءکو بلیک میل اور ہراساں کرنے کے معاملے پراسپیکر بلوچستان اسمبلی کی جانب سے قائم پارلیمانی کمیٹی کاپہلا اجلاس بے نتیجہ رہا ۔ انتہائی حساس نوعیت کے معاملے کی غیر سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پہلے ہی اجلاس میں کمیٹی کے 2ممبران غیر حاضر رہے جبکہ کمیٹی کی چیئر مین شپ حاصل کرنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن ارکان میں اختلافات سامنے آئے جس کی بناءپر اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔ بے نتیجہ اجلاس ختم ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر ریونیو سلم کھوسہ کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ اگلے اجلاس میں متفقہ طورپر چیئر مین کا انتخاب کیا جائے ۔ دوسری جانب یونیورسٹی اسکینڈل پر طلباءو طالبات آج چھٹے روز بھی سراپا احتجاج ہیں ، انکا مطالبہ ہے کہ وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی کو فوری عہدے سے ہٹایا جائے اور معاملے کی صاف شفاف تحقیقات کرکے اصل محرکات سامنے لائے جائیں ۔