Sunday, May 12, 2024

بلوچستان کے گزشتہ 10سال بد انتظامی کی اعلیٰ ترین مثال ہیں ، فواد چودھری

بلوچستان کے گزشتہ 10سال بد انتظامی کی اعلیٰ ترین مثال ہیں ، فواد چودھری
January 23, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری  نے  بیڈ گورننس  پر  ماضی کی حکومت کو ایک بار پھر ہدف تنقید بنا ڈالا۔ فواد چودھری نے  اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ بلوچستان کے گزشتہ 10سال بدانتظامی کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔ وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ  10سال میں پنشن کے بقایاجات 29 کروڑ سے28 ارب تک پہنچ گئے، بلوچستان حکومت نے 10سال میں2 لاکھ 6 ہزارچپڑاسی بھرتی کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ  پنجاب اورسندھ کی صورتحال اس سے بھی بری ہے  جہاں مرادعلی شاہ اور شہباز شریف نے فنڈز کیساتھ کھلواڑ کیا۔ دوسری جانب مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے فواد چودھری پر طاقت کی جانب کھینچے چلے جانے کا الزام عائد کر دیا۔ مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ فواد چودھری  ماضی میں پیپلزپارٹی  کا حصہ بھی رہ چکے ہیں ، وہ جہاں طاقت دیکھتے ہیں وہیں چلے جاتے ہیں ۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جن کی پنجاب میں حکومت تھی ، فواد چودھری ان کے ساتھ بھی رہ چکے ہیں ،  میں سمجھتا ہوں کہ ان کا عوام سے تعلق نہیں  ہے ۔