Saturday, April 27, 2024

بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ کے لئے بھاگ دوڑ کا آغاز، صالح بھوتانی فیورٹ

بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ کے لئے بھاگ دوڑ کا آغاز، صالح بھوتانی فیورٹ
January 10, 2018

کوئٹہ (92 نیوز) ثنا اللہ زہری کے استعفے کے بعد بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ کے لئے بھاگ دوڑ کا آغاز ہو گیا۔ صالح بھوتانی وزیراعلیٰ کے عہدے کے لئے ہاٹ فیورٹ ہیں جبکہ سرفراز بگٹی کہتے ہیں اتفاق رائے سے وزیراعلیٰ کے لئے اُمیدوار سامنے لائیں گے۔

کون ہوگا بلوچستان اسمبلی کا نیا قائد ایوان؟ استعفے کے ساتھ ہی ثنا اللہ زہری کا معاملہ تمام ہوا تو نئے وزیراعلیٰ کے لئے بھاگ دوڑ شروع ہو گئی۔ کئی نام سامنے آگئے۔

ایک طرف نئے قائد ایوان کے لئے ریس کا آغا ہو گیا ہے تو دوسری طرف سینئر وزیر کون ہوگا۔ بلوچستان اسمبلی کا اسپیکر کون ہوگا کون سی وزارت کس کو ملے گی۔ ایک نئی دوڑ کا آغاز ہو گیا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ صالح بھوتانی وزیراعلیٰ کے عہدے کیلئے ہارٹ فیورٹ، جان جمالی اور نواب چنگیز مری بھی مضبوط امیدوار ہیں جبکہ نوابزادہ طارق مگسی بلوچستان اسمبلی کے نئے اسپیکر ہو نگے۔

ذرائع یہ بھی خبر دے رہے ہیں کہ جے یو آئی کو پی اینڈ ڈی، صحت اور خزانہ کی وزارتیں ملیں گی اور مولانا عبدالواسع نئے سیٹ اپ میں سینئر وزیر ہوں گے۔

دوسری طرف سابق وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ اتفاق رائے کے ساتھ وزیراعلیٰ کے لئے اُمیدوار سامنے لائیں گے۔ اگر پارٹی نے نکالا تو کسی بھی سیاسی گروپ کے ساتھ مل جائیں گے۔

جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما اختر مینگل نے کئی طرح کے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی تحلیل ہوئی تو یہ ناپسندیدہ عمل ہوگا، حمایت نہیں کرینگے۔

سردارثنااللہ زہری کے استعفے کے ساتھ ہی ن لیگ کا نیا امتحان شروع ہو گیا۔ نئی حکومت کون بنائے گا؟ پارلیمنٹ چل پائے گی یا نہیں۔ یہ وہ سوال ہیں جن کے جواب آنے والے چند دنوں میں مل جائیں گے۔