Friday, April 19, 2024

بلوچستان کے معدنی وسائل سے متعلق اجلاس ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی شرکت

بلوچستان کے معدنی وسائل سے متعلق اجلاس ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی شرکت
September 17, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت بلوچستان کے معدنی وسائل سے متعلق اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی بھی شرکت ہوئی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وزیرِ قانون محمد فروغ نسیم، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، مشیر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، معاون خصوصی لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ و دیگر سینئر سول اور ملٹری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ بلوچستان کے معدنی وسائل کو برؤے کار لانے کے حوالے سے روڈ میپ  پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بلوچستان ایکسپلوریشن کمپنی کے کردار، دائرہ کار کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے معدنی وسائل کے فروغ کے حوالے سے فریم ورک سے متعلق اجلاس کو بریف کیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی سرمایہ کار اور ممتاز کاروباری شخصیات صوبہ بلوچستان کے معدنی وسائل کو برؤے کار لانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے معدنی وسائل کی دریافت اور انکو برؤے کار لانے کے حوالے سے  کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبے کے معدنی وسائل کو نہایت شفاف اور منظم طریقے سے برؤے کار لایا جائے اور ان وسائل کو صوبے کے عوام کی خوشحالی کے لئے استعمال میں لانے کو یقینی بنایا جائے۔